قرآن کریم میں پیمانہ پورا کرنا کے بارے میں آیات


✅ قرآن کریم کے موضوعات
(75) اہل کتاب میں کوئی تو ایسا ہے کہ اگر تم اس کے اعتماد پر مال و دولت کا ایک ڈھیر بھی دے دو تو وہ تمہارا مال تمہیں ادا کر دے گا، اور کسی کا حال یہ ہے کہ اگر تم ایک دینار کے معاملہ میں بھی اس پر بھروسہ کرو تو وہ ادا نہ کرے گا الّا یہ کہ تم اس کے سر پر سوار ہو جاؤ اُن کی اس اخلاقی حالت کا سبب یہ ہے کہ وہ کہتے ہیں، "امیوں (غیر یہودی لوگوں) کے معاملہ میں ہم پر کوئی مواخذہ نہیں ہے" اور یہ بات وہ محض جھوٹ گھڑ کر اللہ کی طرف منسوب کرتے ہیں، حالانکہ انہیں معلوم ہے کہ اللہ نے ایسی کوئی بات نہیں فرمائی ہے آخر کیوں اُن سے باز پرس نہ ہوگی؟
سورہ: Āl-‘Imrān - آیت: 75  - پارہ: 3 - صفحہ: 59
(152) اور یہ کہ یتیم کے مال کے قریب نہ جاؤ مگر ایسے طریقہ سے جو بہترین ہو، یہاں تک کہ وہ اپنے سن رشد کو پہنچ جائے اور ناپ تول میں پورا انصاف کرو، ہم ہر شخص پر ذمہ داری کا اتنا ہی بار رکھتے ہیں جتنا اس کے امکان میں ہے، اور جب بات کہو انصاف کی کہو خواہ معاملہ اپنے رشتہ دار ہی کا کیوں نہ ہو، اور اللہ کے عہد کو پورا کرو ان باتوں کی ہدایت اللہ نے تمہیں کی ہے شاید کہ تم نصیحت قبول کرو
سورہ: Al-An‘ām - آیت: 152  - پارہ: 8 - صفحہ: 149
(85) اور مدین والوں کی طرف ہم نے ان کے بھائی شعیبؑ کو بھیجا اس نے کہا "اے برادران قوم، اللہ کی بندگی کرو، اُس کے سوا تمہارا کوئی خدا نہیں ہے تمہارے پاس تمہارے رب کی صاف رہنمائی آ گئی ہے، لہٰذا وزن اور پیمانے پورے کرو، لوگوں کو اُن کی چیزوں میں گھاٹا نہ دو، اور زمین میں فساد برپا نہ کرو جب کہ اس کی اصلاح ہو چکی ہے، اسی میں تمہاری بھلائی ہے اگر تم واقعی مومن ہو
سورہ: Al-A‘rāf - آیت: 85  - پارہ: 8 - صفحہ: 161
(27) اے ایمان لانے والو، جانتے بُوجھتے اللہ اور اس کے رسُولؐ کے ساتھ خیانت نہ کرو، اپنی امانتوں میں غداری کے مرتکب نہ ہو
سورہ: Al-Anfāl - آیت: 27  - پارہ: 9 - صفحہ: 180
(85) اور اے برادران قوم، ٹھیک ٹھیک انصاف کے ساتھ پورا ناپو اور تولو اور لوگوں کو ان کی چیزوں میں گھاٹا نہ دیا کرو اور زمین میں فساد نہ پھیلاتے پھرو
سورہ: Hūd - آیت: 85  - پارہ: 12 - صفحہ: 231
(35) پیمانے سے دو تو پورا بھر کر دو، اور تولو تو ٹھیک ترازو سے تولو یہ اچھا طریقہ ہے اور بلحاظ انجام بھی یہی بہتر ہے
سورہ: Al-Isrā’ - آیت: 35  - پارہ: 15 - صفحہ: 285
(181) پیمانے ٹھیک بھرو اور کسی کو گھاٹا نہ دو
(182) صحیح ترازو سے تولو
(183) اور لوگوں کو ان کی چیزیں کم نہ دو زمین میں فساد نہ پھیلاتے پھرو
سورہ: Ash-Shu‘arā’ - آیت: 181-182-183 - پارہ: 19 - صفحہ: 374
(23) ایمان لانے والوں میں ایسے لوگ موجود ہیں جنہوں نے اللہ سے کیے ہوئے عہد کو سچا کر دکھایا ہے ان میں سے کوئی اپنی نذر پوری کر چکا اور کوئی وقت آنے کا منتظر ہے انہوں نے اپنے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں کی
(24) (یہ سب کچھ اس لیے ہوا) تاکہ اللہ سچوں کو اُن کی سچائی کی جزا دے اور منافقوں کو چاہے تو سزا دے اور چاہے تو ان کی توبہ قبول کر لے، بے شک اللہ غفور و رحیم ہے
سورہ: Al-Aḥzāb - آیت: 23-24 - پارہ: 21 - صفحہ: 421
(17) وہ اللہ ہی ہے جس نے حق کے ساتھ یہ کتاب اور میزان نازل کی ہے اور تمہیں کیا خبر، شاید کہ فیصلے کی گھڑی قریب ہی آ لگی ہو
سورہ: Ash-Shūra - آیت: 17  - پارہ: 25 - صفحہ: 485
(7) آسمان کو اُس نے بلند کیا اور میزان قائم کر دی
(8) اِس کا تقاضا یہ ہے کہ تم میزان میں خلل نہ ڈالو
(9) انصاف کے ساتھ ٹھیک ٹھیک تولو اور ترازو میں ڈنڈی نہ مارو
سورہ: Ar-Raḥmān - آیت: 7-8-9 - پارہ: 27 - صفحہ: 531
(1) تباہی ہے ڈنڈی مارنے والوں کے لیے
(2) جن کا حال یہ ہے کہ جب لوگوں سے لیتے ہیں تو پورا پورا لیتے ہیں
(3) اور جب ان کو ناپ کر یا تول کر دیتے ہیں تو انہیں گھاٹا دیتے ہیں
(4) کیا یہ لوگ نہیں سمجھتے کہ ایک بڑے دن،
(5) یہ اٹھا کر لائے جانے والے ہیں؟
سورہ: Al-Muṭaffifīn - آیت: 1-2-3-4-5 - پارہ: 30 - صفحہ: 587
(2) انسان درحقیقت بڑے خسارے میں ہے
سورہ: Al-‘Aṣr - آیت: 2  - پارہ: 30 - صفحہ: 601
(2) جس نے مال جمع کیا اور اُسے گن گن کر رکھا
(3) وہ سمجھتا ہے کہ اُس کا مال ہمیشہ اُس کے پاس رہے گا
سورہ: Al-Humazah - آیت: 2-3 - پارہ: 30 - صفحہ: 601


🍃 قرآن کریم میں دیگر موضوعات


Saturday, July 18, 2026

Please remember us in your sincere prayers