قرآن کریم میں جنتی لوگ کے بارے میں آیات


✅ قرآن کریم کے موضوعات
(5) ایسے لوگ اپنے رب کی طرف سے راہ راست پر ہیں اور وہی فلاح پانے والے ہیں
سورہ: Al-Baqarah - آیت: 5  - پارہ: 1 - صفحہ: 2
(25) اور اے پیغمبرؐ، جو لوگ اس کتاب پر ایمان لے آئیں اور (اس کے مطابق) اپنے عمل درست کر لیں، انہیں خوش خبری دے دو کہ اُن کے لیے ایسے باغ ہیں، جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی ان باغوں کے پھل صورت میں دنیا کے پھلوں سے ملتے جلتے ہونگے جب کوئی پھل انہیں کھانے کو دیا جائے گا، تو وہ کہیں گے کہ ایسے ہی پھل اس سے پہلے دنیا میں ہم کو دیے جاتے تھے ان کے لیے وہاں پاکیزہ بیویاں ہونگی، اور وہ وہاں ہمیشہ رہیں گے
سورہ: Al-Baqarah - آیت: 25  - پارہ: 1 - صفحہ: 5
(82) اور جو لوگ ایمان لائیں گے اور نیک عمل کریں گے وہی جنتی ہیں اور جنت میں وہ ہمیشہ رہیں گے
سورہ: Al-Baqarah - آیت: 82  - پارہ: 1 - صفحہ: 12
(15) کہو: میں تمہیں بتاؤں کہ ان سے زیادہ اچھی چیز کیا ہے؟ جو لوگ تقویٰ کی روش اختیار کریں، اُن کے لیے ان کے رب کے پا س باغ ہیں، جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، وہاں انہیں ہمیشگی کی زندگی حاصل ہوگی، پاکیزہ بیویاں ان کی رفیق ہوں گی اور اللہ کی رضا سے وہ سرفراز ہوں گے اللہ اپنے بندوں کے رویے پر گہری نظر رکھتا ہے
سورہ: Āl-‘Imrān - آیت: 15  - پارہ: 3 - صفحہ: 51
(136) ایسے لوگوں کی جزا ان کے رب کے پاس یہ ہے کہ وہ ان کو معاف کر دے گا اور ایسے باغوں میں انہیں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہونگی اور وہاں وہ ہمیشہ رہیں گے کیسا اچھا بدلہ ہے نیک عمل کرنے والوں کے لیے
سورہ: Āl-‘Imrān - آیت: 136  - پارہ: 4 - صفحہ: 67
(195) جواب میں ان کے رب نے فرمایا، "میں تم میں سے کسی کا عمل ضائع کرنے والا نہیں ہوں خواہ مرد ہو یا عورت، تم سب ایک دوسرے کے ہم جنس ہو لہٰذا جن لوگوں نے میری خاطر اپنے وطن چھوڑے اور جو میر ی راہ میں اپنے گھروں سے نکالے گئے اور ستائے گئے اور میرے لیے لڑے اور مارے گئے اُن کے سب قصور میں معاف کر دوں گا اور انہیں ایسے باغوں میں داخل کروں گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی یہ اُن کی جزا ہے اللہ کے ہاں اور بہترین جزا اللہ ہی کے پاس ہے"
سورہ: Āl-‘Imrān - آیت: 195  - پارہ: 4 - صفحہ: 76
(198) برعکس اس کے جو لوگ اپنے رب سے ڈرتے ہوئے زندگی بسر کرتے ہیں ان کے لیے ایسے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، ان باغوں میں وہ ہمیشہ رہیں گے، اللہ کی طرف سے یہ سامان ضیافت ہے ان کے لیے، اور جو کچھ اللہ کے پاس ہے نیک لوگوں کے لیے وہی سب سے بہتر ہے
سورہ: Āl-‘Imrān - آیت: 198  - پارہ: 4 - صفحہ: 76
(13) یہ اللہ کی مقرر کی ہوئی حدیں ہیں جو اللہ اور اُس کے رسول کی اطاعت کرے گا اُسے اللہ ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور ان باغوں میں وہ ہمیشہ رہے گا اور یہی بڑی کامیابی ہے
سورہ: An-Nisā’ - آیت: 13  - پارہ: 4 - صفحہ: 79
(57) اور جن لوگوں نے ہماری آیات کو مان لیا اور نیک عمل کیے اُن کو ہم ایسے باغوں میں داخل کریں گے جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، جہاں وہ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے اور اُن کو پاکیزہ بیویاں ملیں گی اور انہیں ہم گھنی چھاؤں میں رکھیں گے
سورہ: An-Nisā’ - آیت: 57  - پارہ: 5 - صفحہ: 87
(122) رہے وہ لوگ جو ایمان لے آئیں اور نیک عمل کریں، توا نہیں ہم ایسے باغوں میں داخل کریں گے جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور وہ وہاں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے یہ اللہ کا سچا وعدہ ہے اور اللہ سے بڑھ کر کون اپنی بات میں سچا ہوگا
سورہ: An-Nisā’ - آیت: 122  - پارہ: 5 - صفحہ: 98
(12) اللہ نے بنی اسرائیل سے پختہ عہد لیا تھا اور ان میں بارہ نقیب مقرر کیے تھے اور ان سے کہا تھا کہ "میں تمہارے ساتھ ہوں، اگر تم نے نماز قائم رکھی اور زکوٰۃ دی اور میرے رسولوں کو مانا اور ان کی مدد کی اور اپنے خدا کو اچھا قرض دیتے رہے تو یقین رکھو کہ میں تمہاری برائیاں تم سے زائل کر دوں گا اور تم کو ایسے باغوں میں داخل کروں گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، مگراس کے بعد جس نے تم میں سے کفر کی روش اختیار کی تو در حقیقت اُس نے سوا٫ السبیل گم کر دی"
سورہ: Al-Mā’idah - آیت: 12  - پارہ: 6 - صفحہ: 109
(65) اگر (اِس سرکشی کے بجائے) یہ اہل کتاب ایمان لے آتے اور خدا ترسی کی روش اختیار کرتے تو ہم اِن کی برائیاں اِن سے دور کر دیتے اور ان کو نعمت بھری جنتوں میں پہنچاتے
سورہ: Al-Mā’idah - آیت: 65  - پارہ: 6 - صفحہ: 119
(85) اُن کے اِس قول کی وجہ سے اللہ نے اُن کو ایسی جنتیں عطا کیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں اور وہ ان میں ہمیشہ رہیں گے یہ جزا ہے نیک رویہ اختیار کرنے والوں کے لیے
سورہ: Al-Mā’idah - آیت: 85  - پارہ: 7 - صفحہ: 122
(119) تب اللہ فرمائے گا "یہ وہ دن ہے جس میں سچوں کو اُن کی سچائی نفع دیتی ہے، ان کے لیے ایسے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں، یہاں وہ ہمیشہ رہیں گے، اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے، یہی بڑی کامیابی ہے"
سورہ: Al-Mā’idah - آیت: 119  - پارہ: 7 - صفحہ: 127
(42) بخلاف اس کے جن لوگوں نے ہماری آیات کو مان لیا ہے اور اچھے کام کیے ہیں اور اس باب میں ہم ہر ایک کو اس کی استطاعت ہی کے مطابق ذمہ دار ٹھیراتے ہیں وہ اہل جنت ہیں جہاں وہ ہمیشہ رہیں گے
سورہ: Al-A‘rāf - آیت: 42  - پارہ: 8 - صفحہ: 155
(53) اب کیا یہ لوگ اِس کے سوا کسی اور بات کے منتظر ہیں کہ وہ انجام سامنے آ جائے جس کی یہ کتاب خبر دے رہی ہے؟ جس روز وہ انجام سامنے آ گیا وہی لوگ جنہوں نے اسے نظر انداز کر دیا تھا کہیں گے کہ "واقعی ہمارے رب کے رسول حق لے کر آئے تھے، پھر کیا اب ہمیں کچھ سفارشی ملیں گے جو ہمارے حق میں سفارش کریں؟ یا ہمیں دوبارہ واپس ہی بھیج دیا جائے تاکہ جو کچھ ہم پہلے کرتے تھے اس کے بجائے اب دوسرے طریقے پر کام کر کے دکھائیں" انہوں نے اپنے آپ کو خسارے میں ڈال دیا اور وہ سارے جھوٹ جو انہوں نے تصنیف کر رکھے تھے آج ان سے گم ہو گئے
سورہ: Al-A‘rāf - آیت: 53  - پارہ: 8 - صفحہ: 157
(3) جو نماز قائم کرتے ہیں اور جو کچھ ہم نے ان کو دیا ہے اس میں سے (ہماری راہ میں) خرچ کرتے ہیں
سورہ: Al-Anfāl - آیت: 3  - پارہ: 9 - صفحہ: 177
(21) ان کا رب انہیں اپنی رحمت اور خوشنودی اور ایسی جنتوں کی بشارت دیتا ہے جہاں ان کے لیے پائیدار عیش کے سامان ہیں
سورہ: At-Taubah - آیت: 21  - پارہ: 10 - صفحہ: 190
(72) ان مومن مردوں اور عورتوں سے اللہ کا وعدہ ہے کہ انہیں ایسے باغ دے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور وہ ان میں ہمیشہ رہیں گے ان سدا بہار باغوں میں ان کے لیے پاکیزہ قیام گاہیں ہوں گی، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اللہ کی خوشنودی انہیں حاصل ہوگی یہی بڑی کامیابی ہے
سورہ: At-Taubah - آیت: 72  - پارہ: 10 - صفحہ: 198
(89) اللہ نے ان کے لیے ایسے باغ تیار رکھے ہیں جن کے نیچے نہریں بہ رہی ہیں، ان میں وہ ہمیشہ رہیں گے یہ ہے عظیم الشان کامیابی
سورہ: At-Taubah - آیت: 89  - پارہ: 10 - صفحہ: 201
(100) وہ مہاجر و انصار جنہوں نے سب سے پہلے دعوت ایمان پر لبیک کہنے میں سبقت کی، نیز وہ جو بعد میں راستبازی کے ساتھ پیچھے آئے، اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے راضی ہوئے، اللہ نے ان کے لیے ایسے باغ مہیا کر رکھے ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور وہ ان میں ہمیشہ رہیں گے، یہی عظیم الشان کامیابی ہے
سورہ: At-Taubah - آیت: 100  - پارہ: 11 - صفحہ: 203
(26) جن لوگوں نے بھَلائی کا طریقہ اختیار کیا ان کے لیے بھَلائی ہے اور مزید فضل ان کے چہروں پر رُو سیاہی اور ذلّت نہ چھائے گی وہ جنت کے مستحق ہیں جہاں وہ ہمیشہ رہیں گے
سورہ: Yūnus - آیت: 26  - پارہ: 11 - صفحہ: 212
(23) رہے وہ لوگ جو ایمان لائے اور جنہوں نے نیک عمل کیے اور اپنے رب ہی کے ہو کر رہے، تو یقیناً وہ جنتی لوگ ہیں اور جنت میں وہ ہمیشہ رہیں گے
سورہ: Hūd - آیت: 23  - پارہ: 12 - صفحہ: 224
(108) رہے وہ لوگ جو نیک بخت نکلیں گے، تو وہ جنت میں جائیں گے اور وہاں ہمیشہ رہیں گے جب تک زمین و آسمان قائم ہیں، الا یہ کہ تیرا رب کچھ اور چاہے ایسی بخشش ان کو ملے گی جس کا سلسلہ کبھی منقطع نہ ہوگا
سورہ: Hūd - آیت: 108  - پارہ: 12 - صفحہ: 233
(20) اور اُن کا طرز عمل یہ ہوتا ہے کہ اللہ کے ساتھ اپنے عہد کو پورا کرتے ہیں، اُسے مضبوط باندھنے کے بعد توڑ نہیں ڈالتے
(21) اُن کی روش یہ ہوتی ہے کہ اللہ نے جن جن روابط کو برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے انہیں برقرار رکھتے ہیں، اپنے رب سے ڈرتے ہیں اور اس بات کا خوف رکھتے ہیں کہ کہیں ان سے بری طرح حساب نہ لیا جائے
(22) اُن کا حال یہ ہوتا ہے کہ اپنے رب کی رضا کے لیے صبر سے کام لیتے ہیں، نماز قائم کرتے ہیں، ہمارے دیے ہوئے رزق میں سے علانیہ اور پوشیدہ خرچ کرتے ہیں، اور برائی کو بھلائی سے دفع کرتے ہیں آخرت کا گھر انہی لوگوں کے لیے ہے
(23) یعنی ایسے باغ جو اُن کی ابدی قیام گاہ ہوں گے وہ خود بھی ان میں داخل ہوں گے اور ان کے آباؤ اجداد اور اُن کی بیویوں اور اُن کی اولاد میں سے جو جو صالح ہیں وہ بھی اُن کے ساتھ وہاں جائیں گے ملائکہ ہر طرف سے اُن کے استقبال کے لیے آئیں گے
(24) اور اُن سے کہیں گے کہ "تم پر سلامتی ہے، تم نے دنیا میں جس طرح صبر سے کام لیا اُس کی بدولت آج تم اِس کے مستحق ہوئے ہو" پس کیا ہی خوب ہے یہ آخرت کا گھر!
سورہ: Ar-Ra‘d - آیت: 20-21-22-23-24 - پارہ: 13 - صفحہ: 252
(23) بخلاف اس کے جو لوگ دنیا میں ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں وہ ایسے باغوں میں داخل کیے جائیں گے جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی وہاں وہ اپنے رب کے اذن سے ہمیشہ رہیں گے، اور وہاں ان کا استقبال سلامتی کی مبارک باد سے ہوگا
سورہ: Ibrāhīm - آیت: 23  - پارہ: 13 - صفحہ: 258
(25) یقیناً تمہارا رب ان سب کو اکٹھا کرے گا، وہ حکیم بھی ہے اور علیم بھی
سورہ: Al-Ḥijr - آیت: 25  - پارہ: 14 - صفحہ: 263
(50) مگر اِس کے ساتھ میرا عذاب بھی نہایت دردناک عذاب ہے
سورہ: Al-Ḥijr - آیت: 50  - پارہ: 14 - صفحہ: 264
(30) دوسری طرف جب خدا ترس لوگوں سے پوچھا جاتا ہے کہ یہ کیا چیز ہے جو تمہارے رب کی طرف سے نازل ہوئی ہے، تو وہ جواب دیتے ہیں کہ "بہترین چیز اتری ہے" اِس طرح کے نیکوکار لوگوں کے لیے اِس دنیا میں بھی بھلائی ہے اور آخرت کا گھر تو ضرور ہی ان کے حق میں بہتر ہے بڑا اچھا گھر ہے متقیوں کا
(31) دائمی قیام کی جنتیں، جن میں وہ داخل ہوں گے، نیچے نہریں بہہ رہی ہونگی، اور سب کچھ وہاں عین اُن کی خواہش کے مطابق ہوگا یہ جزا دیتا ہے اللہ متقیوں کو
(32) اُن متقیوں کو جن کی روحیں پاکیزگی کی حالت میں جب ملائکہ قبض کرتے ہیں تو کہتے ہیں "سلام ہو تم پر، جاؤ جنت میں اپنے اعمال کے بدلے"
سورہ: An-Naḥl - آیت: 30-31-32 - پارہ: 14 - صفحہ: 270
(31) ان کے لیے سدا بہار جنتیں ہیں جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی، وہاں وہ سونے کے کنگنوں سے آراستہ کیے جائیں گے، باریک ریشم اور اطلس و دیبا کے سبز کپڑے پہنیں گے، اور اونچی مسندوں پر تکیے لگا کر بیٹھیں گے بہترین اجر اور اعلیٰ درجے کی جائے قیام!
سورہ: Al-Kahf - آیت: 31  - پارہ: 15 - صفحہ: 297
(107) البتّہ وہ لوگ جو ایمان لائے اور جنہوں نے نیک عمل کیے، ان کی میزبانی کے لیے فردوس کے باغ ہوں گے
سورہ: Al-Kahf - آیت: 107  - پارہ: 16 - صفحہ: 304
(60) البتہ جو توبہ کر لیں اور ایمان لے آئیں اور نیک عملی اختیار کر لیں وہ جنّت میں داخل ہوں گے اور ان کی ذرّہ برابر حق تلفی نہ ہو گی
(61) ان کے لیے ہمیشہ رہنے والی جنتیں ہیں جن کا رحمان نے اپنے بندوں سے در پردہ وعدہ کر رکھا ہے اور یقیناً یہ وعدہ پُورا ہو کر رہنا ہے
(62) وہاں وہ کوئی بے ہودہ بات نہ سُنیں گے، جو کچھ بھی سُنیں گے ٹھیک ہی سنیں گے اور ان کا رزق انہیں پیہم صبح و شام ملتا رہے گا
(63) یہ ہے وہ جنت جس کا وارث ہم اپنے بندوں میں سے اُس کو بنائیں گے جو پرہیزگار رہا ہے
(64) اے محمدؐ، ہم تمہارے رب کے حکم کے بغیر نہیں اُترا کرتے جو کچھ ہمارے آگے ہے اور جو کچھ پیچھے ہے اور جو کچھ اس کے درمیان ہے ہر چیز کا مالک وہی ہے اور تمہارا رب بھولنے والا نہیں ہے
(65) وہ رب ہے آسمانوں کا اور زمین کا اور اُن ساری چیزوں کا جو آسمان و زمین کے درمیان ہیں پس تم اُس کے بندگی کرو اور اُسی کی بندگی پر ثابت قدم رہو کیا ہے کوئی ہستی تمہارے علم میں اس کی ہم پایہ؟
سورہ: Maryam - آیت: 60-61-62-63-64-65 - پارہ: 16 - صفحہ: 309
(101) رہے وہ لوگ جن کے لیے ہماری طرف سے بھَلائی کا پہلے ہی فیصلہ ہو چکا ہوگا، تو وہ یقیناً اُس سے دُور رکھے جائیں گے
(102) اس کی سرسراہٹ تک نہ سُنیں گے اور وہ ہمیشہ ہمیشہ اپنی من بھاتی چیزوں کے درمیان رہیں گے
(103) وہ انتہائی گھبراہٹ کا وقت اُن کو ذرا پریشان نہ کرے گا، اور ملائکہ بڑھ کر اُن کو ہاتھوں ہاتھ لیں گے کہ "یہ تمہارا وہی دن ہے جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا تھا"
سورہ: Al-Anbiyā’ - آیت: 101-102-103 - پارہ: 17 - صفحہ: 330
(14) (اِس کے برعکس) اللہ اُن لوگوں کو جو ایمان لائے اور جنہوں نے نیک عمل کیے، یقیناً ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی اللہ کرتا ہے جو کچھ چاہتا ہے
سورہ: Al-Ḥajj - آیت: 14  - پارہ: 17 - صفحہ: 333
(23) (دوسری طرف) جو لوگ ایمان لائے اور جنہوں نے نیک عمل کیے اُن کو اللہ ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی وہاں وہ سونے کے کنگنوں اور موتیوں سے آراستہ کیے جائیں گے اور ان کے لباس ریشم کے ہوں گے
(24) ان کو پاکیزہ بات قبول کرنے کی ہدایت بخشی گئی اور انہیں خدائے ستودہ صفات کا راستہ دکھایا گیا
سورہ: Al-Ḥajj - آیت: 23-24 - پارہ: 17 - صفحہ: 334
(56) اُس روز بادشاہی اللہ کی ہو گی، اور وہ ان کے درمیان فیصلہ کر دے گا جو ایمان رکھنے والے اور عمل صالح کرنے والے ہوں گے وہ نعمت بھری جنتوں میں جائیں گے
سورہ: Al-Ḥajj - آیت: 56  - پارہ: 17 - صفحہ: 339
(8) اپنی امانتوں اور اپنے عہد و پیمان کا پاس رکھتے ہیں
(9) اور اپنی نمازوں کی محافظت کرتے ہیں
(10) یہی لوگ وہ وارث ہیں
(11) جو میراث میں فردوس پائیں گے اور اس میں ہمیشہ رہیں گے
سورہ: Al-Mu’minūn - آیت: 8-9-10-11 - پارہ: 18 - صفحہ: 342
(15) اِن سے پوچھو، یہ انجام اچھا ہے یا وہ اَبدی جنت جس کا وعدہ خداترس پرہیزگاروں سے کیا گیا ہے؟ جو اُن کے اعمال کی جزا اور اُن کے سفر کی آخری منزل ہو گی
(16) جس میں اُن کی ہر خواہش پوری ہو گی، جس میں وہ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے، جس کا عطا کرنا تمہارے پروردگار کے ذمے ایک واجب الادا وعدہ ہے
سورہ: Al-Furqān - آیت: 15-16 - پارہ: 18 - صفحہ: 361
(24) بس وہی لوگ جو جنت کے مستحق ہیں اُس دن اچھی جگہ ٹھیریں گے اور دوپہرگزارنے کو عمدہ مقام پائیں گے
سورہ: Al-Furqān - آیت: 24  - پارہ: 19 - صفحہ: 362
(90) (اس روز) جنت پرہیزگاروں کے قریب لے آئی جائے گی
سورہ: Ash-Shu‘arā’ - آیت: 90  - پارہ: 19 - صفحہ: 371
(58) جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں ان کو ہم جنت کی بلند و بالا عمارتوں میں رکھیں گے جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، وہاں وہ ہمیشہ رہیں گے، کیا ہی عمدہ اجر ہے عمل کرنے والوں کے لیے
سورہ: Al-‘Ankabūt - آیت: 58  - پارہ: 21 - صفحہ: 403
(15) جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں وہ ایک باغ میں شاداں و فرحاں رکھے جائیں گے
سورہ: Ar-Rūm - آیت: 15  - پارہ: 21 - صفحہ: 405
(8) البتہ جو لوگ ایمان لے آئیں اور نیک عمل کریں، اُن کے لیے نعمت بھری جنتیں ہیں
سورہ: Luqmān - آیت: 8  - پارہ: 21 - صفحہ: 411
(19) جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں اُن کے لیے تو جنتوں کی قیام گاہیں ہیں، ضیافت کے طور پر اُن کے اعمال کے بدلے میں
سورہ: As-Sajdah - آیت: 19  - پارہ: 21 - صفحہ: 416
(55) آج جنتی لوگ مزے کرنے میں مشغول ہیں
(56) وہ اور ان کی بیویاں گھنے سایوں میں ہیں مسندوں پر تکیے لگائے ہوئے
(57) ہر قسم کی لذیذ چیزیں کھانے پینے کو ان کے لیے وہاں موجود ہیں، جو کچھ وہ طلب کریں اُن کے لیے حاضر ہے
(58) رب رحیم کی طرف سے ان کو سلام کہا گیا ہے
سورہ: Yā-Sīn - آیت: 55-56-57-58 - پارہ: 23 - صفحہ: 444
(40) مگر اللہ کے چیدہ بندے (اس انجام بد سے) محفوظ ہوں گے
سورہ: Aṣ-Ṣāffāt - آیت: 40  - پارہ: 23 - صفحہ: 447
(61) ایسی ہی کامیابی کے لیے عمل کرنے والوں کو عمل کرنا چاہیے
سورہ: Aṣ-Ṣāffāt - آیت: 61  - پارہ: 23 - صفحہ: 448
(49) یہ ایک ذکر تھا (اب سنو کہ) متقی لوگوں کے لیے یقیناً بہترین ٹھکانا ہے
سورہ: Ṣād - آیت: 49  - پارہ: 23 - صفحہ: 456
(55) یہ تو ہے متقیوں کا انجام اور سرکشوں کے لیے بدترین ٹھکانا ہے
سورہ: Ṣād - آیت: 55  - پارہ: 23 - صفحہ: 456
(20) البتہ جو لوگ اپنے رب سے ڈر کر رہے اُن کے لیے بلند عمارتیں ہیں منزل پر منزل بنی ہوئی، جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی یہ اللہ کا وعدہ ہے، اللہ کبھی اپنے وعدے کی خلاف ورزی نہیں کرتا
سورہ: Az-Zumar - آیت: 20  - پارہ: 23 - صفحہ: 460
(73) اور جو لوگ اپنے رب کی نافرمانی سے پرہیز کرتے تھے انہیں گروہ در گروہ جنت کی طرف لے جایا جائے گا یہاں تک کہ جب وہ وہاں پہنچیں گے، اور اس کے دروازے پہلے ہی کھولے جا چکے ہوں گے، تو اُس کے منتظمین ان سے کہیں گے کہ "سلام ہو تم پر، بہت اچھے رہے، داخل ہو جاؤ اس میں ہمیشہ کے لیے"
سورہ: Az-Zumar - آیت: 73  - پارہ: 24 - صفحہ: 466
(75) اور تم دیکھو گے کہ فرشتے عرش کے گرد حلقہ بنائے ہوئے اپنے رب کی حمد اور تسبیح کر رہے ہوں گے، اور لوگوں کے درمیان ٹھیک ٹھیک حق کے ساتھ فیصلہ چکا دیا جائے گا، اور پکار دیا جائے گا کہ حمد ہے اللہ ربّ العالمین کے لیے
سورہ: Az-Zumar - آیت: 75  - پارہ: 24 - صفحہ: 467
(40) جو برائی کرے گا اُس کو اتنا ہی بدلہ ملے گا جتنی اُس نے برائی کی ہو گی اور جو نیک عمل کرے گا، خواہ وہ مرد ہو یا عورت، بشرطیکہ ہو وہ مومن، ایسے سب لوگ جنت میں داخل ہوں گے جہاں اُن کو بے حساب رزق دیا جائے گا
سورہ: Ghāfir - آیت: 40  - پارہ: 24 - صفحہ: 471
(30) جن لوگوں نے کہا کہ اللہ ہمارا رب ہے اور پھر وہ اس پر ثابت قدم رہے، یقیناً اُن پر فرشتے نازل ہوتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ "نہ ڈرو، نہ غم کرو، اور خوش ہو جاؤ اُس جنت کی بشارت سے جس کا تم سے وعدہ کیا گیا ہے
(31) ہم اِس دنیا کی زندگی میں بھی تمہارے ساتھی ہیں اور آخرت میں بھی، وہاں جو کچھ تم چاہو گے تمہیں ملے گا اور ہر چیز جس کی تم تمنا کرو گے وہ تمہاری ہوگی
(32) یہ ہے سامان ضیافت اُس ہستی کی طرف سے جو غفور اور رحیم ہے"
سورہ: Fuṣṣilat - آیت: 30-31-32 - پارہ: 24 - صفحہ: 480
(7) ہاں، اِسی طرح اے نبیؐ، یہ قرآن عربی ہم نے تمہاری طرف وحی کیا ہے تاکہ تم بستیوں کے مرکز (شہر مکہ) اور اُس کے گرد و پیش رہنے والوں کو خبردار کر دو، اور جمع ہونے کے دن سے ڈرا دو جن کے آنے میں کوئی شک نہیں ایک گروہ کو جنت میں جانا ہے اور دوسرے گروہ کو دوزخ میں
سورہ: Ash-Shūra - آیت: 7  - پارہ: 25 - صفحہ: 483
(22) تم دیکھو گے کہ یہ ظالم اُس وقت اپنے کیے کے انجام سے ڈر رہے ہوں گے اور وہ اِن پر آ کر رہے گا بخلاف اِس کے جو لوگ ایمان لے آئے ہیں اور جنہوں نے نیک عمل کیے ہیں وہ جنت کے گلستانوں میں ہوں گے، جو کچھ بھی وہ چاہیں گے اپنے رب کے ہاں پائیں گے، یہی بڑا فضل ہے
سورہ: Ash-Shūra - آیت: 22  - پارہ: 25 - صفحہ: 485
(43) البتہ جو شخص صبر سے کام لے اور درگزر کرے، تو یہ بڑی اولوالعزمی کے کاموں میں سے ہے
سورہ: Ash-Shūra - آیت: 43  - پارہ: 25 - صفحہ: 487
(51) خدا ترس لوگ امن کی جگہ میں ہوں گے
سورہ: Ad-Dukhān - آیت: 51  - پارہ: 25 - صفحہ: 498
(57) ان کو جہنم کے عذاب سے بچا دے گا یہی بڑی کامیابی ہے
سورہ: Ad-Dukhān - آیت: 57  - پارہ: 25 - صفحہ: 498
(14) ایسے سب لوگ جنت میں جانے والے ہیں جہاں وہ ہمیشہ رہیں گے اپنے اُن اعمال کے بدلے جو وہ دنیا میں کرتے رہے ہیں
سورہ: Al-Aḥqāf - آیت: 14  - پارہ: 26 - صفحہ: 503
(16) اِس طرح کے لوگوں سے ہم اُن کے بہترین اعمال کو قبول کرتے ہیں اور ان کی برائیوں سے درگزر کر جاتے ہیں یہ جنتی لوگوں میں شامل ہوں گے اُس سچے وعدے کے مطابق جو ان سے کیا جاتا رہا ہے
سورہ: Al-Aḥqāf - آیت: 16  - پارہ: 26 - صفحہ: 504
(6) اور ان کو اس جنت میں داخل کرے گا جس سے وہ ان کو واقف کرا چکا ہے
سورہ: Muḥammad - آیت: 6  - پارہ: 26 - صفحہ: 507
(12) ایمان لانے والوں اور نیک عمل کرنے والوں کو اللہ اُن جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، اور کفر کرنے والے بس دنیا کی چند روزہ زندگی کے مزے لوٹ رہے ہیں، جانوروں کی طرح کھا پی رہے ہیں، اور اُن کا آخری ٹھکانا جہنم ہے
سورہ: Muḥammad - آیت: 12  - پارہ: 26 - صفحہ: 508
(5) (اُس نے یہ کام اِس لیے کیا ہے) تاکہ مومن مردوں اور عورتوں کو ہمیشہ رہنے کے لیے ایسی جنتوں میں داخل فرمائے جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی اور اُن کی برائیاں اُن سے دور کر دے اللہ کے نزدیک یہ بڑی کامیابی ہے
سورہ: Al-Fatḥ - آیت: 5  - پارہ: 26 - صفحہ: 511
(17) اگر اندھا اور لنگڑا اور مریض جہاد کے لیے نہ آئے تو کوئی حرج نہیں جو کوئی اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا اللہ اسے اُن جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی، اور جو منہ پھیرے گا اسے وہ دردناک عذاب دے گا"
سورہ: Al-Fatḥ - آیت: 17  - پارہ: 26 - صفحہ: 513
(31) اور جنت متقین کے قریب لے آئی جائے گی، کچھ بھی دور نہ ہوگی
سورہ: Qāf - آیت: 31  - پارہ: 26 - صفحہ: 519
(15) البتہ متقی لوگ اُس روز باغوں اور چشموں میں ہوں گے
سورہ: Adh-Dhāriyāt - آیت: 15  - پارہ: 26 - صفحہ: 521
(17) متقی لوگ وہاں باغوں اور نعمتوں میں ہوں گے
سورہ: Aṭ-Ṭūr - آیت: 17  - پارہ: 27 - صفحہ: 524
(28) ہم پچھلی زندگی میں اُسی سے دعائیں مانگتے تھے، وہ واقعی بڑا ہی محسن اور رحیم ہے
سورہ: Aṭ-Ṭūr - آیت: 28  - پارہ: 27 - صفحہ: 524
(54) نافرمانی سے پرہیز کرنے والے یقیناً باغوں اور نہروں میں ہوں گے
سورہ: Al-Qamar - آیت: 54  - پارہ: 27 - صفحہ: 531
(46) اور ہر اُس شخص کے لیے جو اپنے رب کے حضور پیش ہونے کا خوف رکھتا ہو، دو باغ ہیں
سورہ: Ar-Raḥmān - آیت: 46  - پارہ: 27 - صفحہ: 533
(78) بڑی برکت والا ہے تیرے رب جلیل و کریم کا نام
سورہ: Ar-Raḥmān - آیت: 78  - پارہ: 27 - صفحہ: 534
(10) اور آگے والے تو پھر آگے وا لے ہی ہیں
سورہ: Al-Wāqi‘ah - آیت: 10  - پارہ: 27 - صفحہ: 534
(40) اور پچھلوں میں سے بھی بہت
سورہ: Al-Wāqi‘ah - آیت: 40  - پارہ: 27 - صفحہ: 535
(12) اُس دن جبکہ تم مومن مردوں اور عورتوں کو دیکھو گے کہ ان کا نور اُن کے آگے آگے اور ان کے دائیں جانب دوڑ رہا ہوگا (ان سے کہا جائے گا کہ) "آج بشارت ہے تمہارے لیے" جنتیں ہونگی جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہونگی، جن میں وہ ہمیشہ رہیں گے یہی ہے بڑی کامیابی
سورہ: Al-Ḥadīd - آیت: 12  - پارہ: 27 - صفحہ: 539
(22) تم کبھی یہ نہ پاؤ گے کہ جو لوگ اللہ اور آخرت پر ایمان رکھنے والے ہیں وہ اُن لوگوں سے محبت کرتے ہوں جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول کی مخالفت کی ہے، خواہ وہ اُن کے باپ ہوں، یا اُن کے بیٹے، یا اُن کے بھائی یا اُن کے اہل خاندان یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں میں اللہ نے ایمان ثبت کر دیا ہے اور اپنی طرف سے ایک روح عطا کر کے ان کو قوت بخشی ہے وہ ان کو ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی ان میں وہ ہمیشہ رہیں گے اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے راضی ہوئے وہ اللہ کی پارٹی کے لوگ ہیں خبردار رہو، اللہ کی پارٹی والے ہی فلاح پانے والے ہیں
سورہ: Al-Mujādilah - آیت: 22  - پارہ: 28 - صفحہ: 545
(20) دوزخ میں جانے والے اور جنت میں جانے والے کبھی یکساں نہیں ہو سکتے جنت میں جانے والے ہی اصل میں کامیاب ہیں
سورہ: Al-Ḥashr - آیت: 20  - پارہ: 28 - صفحہ: 548
(12) اللہ تمہارے گناہ معاف کر دے گا، اور تم کو ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، اور ابدی قیام کی جنتوں میں بہترین گھر تمہیں عطا فرمائے گا یہ ہے بڑی کامیابی
سورہ: Aṣ-Ṣaff - آیت: 12  - پارہ: 28 - صفحہ: 552
(9) (اِس کا پتا تمہیں اس روز چل جائے گا) جب اجتماع کے دن وہ تم سب کو اکٹھا کرے گا وہ دن ہوگا ایک دوسرے کے مقابلے میں لوگوں کی ہار جیت کا جو اللہ پر ایمان لایا ہے اور نیک عمل کرتا ہے، اللہ اس کے گناہ جھاڑ دے گا اور اسے ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی یہ لوگ ہمیشہ ہمیشہ ان میں رہیں گے یہ بڑی کامیابی ہے
سورہ: At-Taghābun - آیت: 9  - پارہ: 28 - صفحہ: 556
(11) ایک ایسا رسو ل جو تم کو اللہ کی صاف صاف ہدایت دینے والی آیات سناتا ہے تاکہ ایمان لانے والوں اور نیک عمل کرنے والوں کو تاریکیوں سے نکال کر روشنی میں لے آئے جو کوئی اللہ پر ایمان لائے اور نیک عمل کرے، اللہ اُسے ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی یہ لوگ ان میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے اللہ نے ایسے شخص کے لیے بہترین رزق رکھا ہے
سورہ: Aṭ-Ṭalāq - آیت: 11  - پارہ: 28 - صفحہ: 559
(8) اے لوگو جو ایمان لائے ہو، اللہ سے توبہ کرو، خالص توبہ، بعید نہیں کہ اللہ تمہاری برائیاں تم سے دور کر دے اور تمہیں ایسی جنتوں میں داخل فرما دے جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی یہ وہ دن ہوگا جب اللہ اپنے نبی کو اور اُن لوگوں جو اس کے ساتھ ایمان لائے ہیں رسوا نہ کرے گا اُن کا نور اُن کے آگے آگے اور ان کے دائیں جانب دوڑ رہا ہوگا اور وہ کہہ رہے ہوں گے کہ اے ہمارے رب، ہمارا نور ہمارے لیے مکمل کر دے اور ہم سے درگزر فرما، تو ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے
سورہ: At-Taḥrīm - آیت: 8  - پارہ: 28 - صفحہ: 561
(17) ہم نے اِن (اہل مکہ) کو اُسی طرح آزمائش میں ڈالا ہے جس طرح ایک باغ کے مالکوں کو آزمائش میں ڈالا تھا، جب اُنہوں نے قسم کھائی کہ صبح سویرے ضرور اپنے باغ کے پھل توڑیں گے
سورہ: Al-Qalam - آیت: 17  - پارہ: 29 - صفحہ: 565
(34) یقیناً خدا ترس لوگوں کے لیے اُن کے رب کے ہاں نعمت بھری جنتیں ہیں
سورہ: Al-Qalam - آیت: 34  - پارہ: 29 - صفحہ: 565
(35) یہ لوگ عزت کے ساتھ جنت کے باغوں میں رہیں گے
سورہ: Al-Ma‘ārij - آیت: 35  - پارہ: 29 - صفحہ: 569
(40) جو جنتوں میں ہوں گے وہاں وہ،
سورہ: Al-Muddaththir - آیت: 40  - پارہ: 29 - صفحہ: 576
(5) نیک لوگ (جنت میں) شراب کے ایسے ساغر پئیں گے جن میں آب کافور کی آمیزش ہوگی
سورہ: Al-Insān - آیت: 5  - پارہ: 29 - صفحہ: 578
(42) یہ لوگ تم سے پوچھتے ہیں کہ "آخر وہ گھڑی کب آ کر ٹھیرے گی؟"
سورہ: An-Nāzi‘āt - آیت: 42  - پارہ: 30 - صفحہ: 584
(22) بے شک نیک لوگ بڑے مزے میں ہوں گے
سورہ: Al-Muṭaffifīn - آیت: 22  - پارہ: 30 - صفحہ: 588
(36) مل گیا نا کافروں کو اُن حرکتوں کا ثواب جو وہ کیا کرتے تھے
سورہ: Al-Muṭaffifīn - آیت: 36  - پارہ: 30 - صفحہ: 589
(11) جو لوگ ایمان لائے اور جنہوں نے نیک عمل کیے، یقیناً اُن کے لیے جنت کے باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، یہ ہے بڑی کامیابی
سورہ: Al-Burūj - آیت: 11  - پارہ: 30 - صفحہ: 590
(1) کیا تمہیں اُس چھا جانے والی آفت کی خبر پہنچی ہے؟
(2) کچھ چہرے اُس روز خوف زدہ ہونگے
(3) سخت مشقت کر رہے ہونگے
(4) تھکے جاتے ہونگے، شدید آگ میں جھلس رہے ہونگے
(5) کھولتے ہوئے چشمے کا پانی انہیں پینے کو دیا جائے گا
(6) خار دار سوکھی گھاس کے سوا کوئی کھانا اُن کے لیے نہ ہوگا
سورہ: Al-Ghāshiyah - آیت: 1-2-3-4-5-6 - پارہ: 30 - صفحہ: 592
(16) اور نفیس فرش بچھے ہوئے ہوں گے
سورہ: Al-Ghāshiyah - آیت: 16  - پارہ: 30 - صفحہ: 592
(8) اُن کی جزا اُن کے رب کے ہاں دائمی قیام کی جنتیں ہیں جن کے نیچے نہریں بہ رہی ہوں گی، وہ ان میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے راضی ہوئے یہ کچھ ہے اُس شخص کے لیے جس نے اپنے رب کا خوف کیا ہو
سورہ: Al-Bayyinah - آیت: 8  - پارہ: 30 - صفحہ: 599


🍃 قرآن کریم میں دیگر موضوعات


Saturday, July 18, 2026

Please remember us in your sincere prayers